پنجاب اسمبلی: پی ٹی آئی کے دھرنے کو مجرا کہنے پر ہنگامہ


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن کی جانب سے پی ٹی آئی کے دھرنے کو مجرا کہنے پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔

پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی حسن مرتضیٰ نے پنجاب اسمبلی میں مہنگائی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹماٹر 300 روپے پر پہنچ گیا اور حکومت کچھ نہیں کر پارہی، اس عوام پر کیا گزر رہی ہوگی جس نے دھرنے میں مجرے اور بھنگڑے ڈالے۔

حسن مرتضیٰ کے بیان پر اسمبلی میں شور شرابا شروع ہوگیا اور تحریک انصاف کے ارکان احتجاجاً کھڑے ہوگئے جب کہ پی ٹی آئی کی خواتین اراکین اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوگئیں۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد نے حسن مرتضیٰ کے الفاظ کارروائی سے حذف کردیے اور انہیں الفاظ واپس لینے کی بھی ہدایت کی جب کہ حکومتی اراکین نے معافی نہ مانگنے کی صورت میں ایوان کے بائیکاٹ کی دھمکی دی۔

ڈپٹی اسپیکر کی ہدایت پر حسن مرتضیٰ نے اپنے الفاظ واپس لے کر باضابطہ معذرت کرلی۔


اپنا تبصرہ لکھیں