پنجاب اور سندھ اسمبلی میں سانحہ 9 مئی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں قرارداد وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ 9 مئی کو شرپسند عناصر کی جماعت نے اداروں کے خلاف حملہ کیا، قومی سلامتی کے اداروں اور شہدا کے یادگاروں کی توہین کی گئی۔
قرارداد کے متن کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی کی رہائش گاہ (جناح ہاؤس) کو نذرآتش کیاگیا۔
قرار داد میں کہا گیا کہ قومی اداروں نے سازش کو ناکام بناکر ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
قرارداد میں 9 مئی کے ذمہ داروں اور منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
ادھر سانحہ 9 مئی کے خلاف سندھ اسمبلی بھی میں مذمتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، ایوان میں مذمتی قرارداد پیپلزپارٹی کی خاتون رکن سعدیہ جاوید نے جمع کروائی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ 9 مئی 2023 کا واقعہ گہری سازش کا آغاز تھا جس کے بعد ملک کو تنہا کرنے کی باقاعدہ منظم مہم چلائی گئی۔
ایوان نے قرارداد کثرت رائے سے منظور کی جس کے بعد اسپیکر اویس شاہ نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔