لاہور:
انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے قومی کرکٹرز میچ پریکٹس کی کمی پوری کرنے کے لیے کوشاں رہے، بیٹسمینوں کی جوڑیاں بنا کر مخصوص تعداد میں اوورز کھیلنے کا ہدف دیا گیا، پیسرز اور اسپنرز کا سامنا کرتے ہوئے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق ڈربی میں 4 روزہ انٹر اسکواڈ میچ میں بارش کی مداخلت جاری رہی،کنڈیشنز مشکل ہونے کی وجہ سے بیٹسمین بھی استحکام کو ترستے رہے،ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی زیرقیادت ٹیم مینجمنٹ نے اس کا حل یہ نکالا کہ گذشتہ روز میدان کے وسط میں پچ پر میچ جیسا ماحول بنا کر پریکٹس کرائی۔
پہلے ٹاپ آرڈر کی جوڑیاں بناکر 7 سے10اوورز تک بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹیں بچانے کے ساتھ رنزبنانے کا ٹاسک دیا گیا، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اظہر علی، اسد شفیق، محمد رضوان، امام الحق سمیت بیٹسمینوں نے پیسرز کے ساتھ اسپنرز کا بھی سامنا کیا، بعد ازاں ٹیل اینڈرز کو بھی بیٹنگ بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا گیا۔
بیٹنگ کوچ یونس خان غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے، پیسرز محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ وہاب ریاض بھی ایکشن میں نظر آئے، اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے یاسر شاہ کی گگلی بہتر بنانے پر خاص توجہ دی، میچ کی طرز پر ہونے والی پریکٹس نے فیلڈرز کو بھی مصروف رکھا۔
اس سے قبل کھلاڑیوں نے وارم اپ کے بعد اپنی جسمانی استعداد بہتر بنانے کیلیے مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ یاد رہے کہ جمعرات کو ڈربی میں باقاعدہ ٹریننگ کا آخری روز ہوگا، ایک دن آرام کے بعد ہفتے کو مہمان کرکٹرز مانچسٹر پہنچیں گے جہاں پہلا ٹیسٹ اولڈ ٹریفورڈ میں 5 اگست کو شروع ہوگا۔