پلیئرزقید تنہائی میں کرکٹ کی بھوک مٹائیں گے


 لاہور: 

پاکستانی پلیئرزقید تنہائی میں کرکٹ کی بھوک مٹائیں گے،انگلینڈ میں قرنطینہ ٹریننگ کا پلان تیار کرلیا گیا،ٹیم28 جون کو لاہور سے مانچسٹر روانگی کے بعد14روز تک ڈربی شائر میں الگ رہتے ہوئے مشقوں کا سلسلہ جاری رکھے گی،آپس میں پریکٹس میچز سے ہاتھ کھولے جائیں گے، شعیب ملک اہل خانہ سے ملاقات کے بعد24جولائی کو جوائن کریں گے،فیصلہ انگلش بورڈ کی اجازت سے کیا گیا، آل راؤنڈر انگلینڈ پہنچ کر حکومتی ہدایات پر احتیاطی تدابیر کے تمام مراحل سے گزریں گے۔

تفصیلات کے مطابق دورۂ انگلینڈ کیلیے قومی اسکواڈ میں شامل کرکٹرز اور آفیشلزپیر کو اپنے شہروں میں کورونا ٹیسٹ کرائیں گے، کلیئر ہونے پر وہ24 جون کو لاہور کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں یکجا ہوں گے،25 جون کو انھیں دوبارہ ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گزارا جائے گا، پی سی بی نے تصدیق کردی کہ اسکواڈ28 جون کو  مانچسٹرکیلیے اڑان بھرے گا، انگلینڈ سے لاہور آنے والا چارٹرڈ طیارہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو لے کر  انگلینڈ کی جانب عازم سفر ہوگا، برطانوی حکومت کی ہدایات کے مطابق مہمان اسکواڈ مانچسٹر سے ڈربی شائر پہنچ کر 14 روز تک قرنطینہ میں وقت گزارے گا۔

اس دوران کرکٹرز کو ٹریننگ کی اجازت ہوگی،انگلینڈ میں  ڈومیسٹک سیزن کا آغاز نہ ہونے کے سبب پاکستانی اسکواڈ کو پریکٹس میچز  کیلیے مقامی ٹیمیں دستیاب نہیں ہیں، مارچ کے بعد گھروں تک محدود کھلاڑی مسابقتی کرکٹ کی کمی پوری کرنے کیلیے آپس میں میچز کھیلیں گے،اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی تعداد زیادہ رکھنے کا مقصد یہی تھا کہ باہر سے کسی کو بلانے کی ضرورت نہ پڑے، بولنگ کوچ وقار یونس آسٹریلیا اور فزیو کلف ڈیکن جنوبی افریقہ سے براہ راست ٹیم کو جوائن کرنے کے بعد قرنطینہ کریں گے۔

دوسری جانب  پی سی بی نے شعیب ملک کو  خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے، آل راؤنڈر24 جولائی کو انگلینڈ میں ہی دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کریں گے، اس سے قبل وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے، شعیب ملک 5 ماہ سے اپنے اہل خانہ سے نہیں مل پائے، کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سفری پابندیوں کے نتیجے میں اہلیہ ثانیہ مرزا اور  بیٹے اذہان مرزا ملک بھارت جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ میں مقیم ہیں، وہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کررہے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ شعیب ملک پہلے اپنی مصروفیات اور بعد ازاں کورونا وائرس کی وجہ سے فیملی سے نہیں مل سکے،  اب چونکہ سفری پابندیوں میں آہستہ آہستہ نرمی ہورہی ہے جس سے خاندان کے دوبارہ یکجا ہونے کی امید ہوگئی۔

لہٰذا مناسب ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انسانی بنیادوں پر ہمدردی کا مظاہرہ اور شعیب ملک کی درخواست کا احترام کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے انگلش بورڈ سے رابطہ کیا تھا، وہ صورتحال کو سمجھتے ہیں،انھوں نے شعیب ملک کو 24 جولائی کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے، وہ اسکواڈ کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں داخلے سے متعلق احتیاطی تدابیر کے حوالے سے برطانوی حکومت کی پالیسیوں پر عمل کریں گے۔

یاد رہے کہ شعیب ملک صرف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلتے ہیں، سیریز اگست کے آخر میں ہوگی، اس لیے ان کے پاس کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے خاصا وقت موجود ہو گا۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ میں پہلا ٹیسٹ 5سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 13سے 17اگست تک ساؤتھمپٹن کے روز باؤل اسٹیڈیم میں ہوگا،تیسرا ٹیسٹ بھی 21سے 25اگست تک اسی وینیو پر رکھا گیا ہے،تینوں ٹی ٹوئنٹی بھی ساؤتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے، پہلا 28، دوسرا 30اگست اور تیسرا یکم ستمبر کو ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں