پشاور: سٹی پولیس نے ایک معمولی گھریلو تنازع پر ایک خاتون کو اپنے دیور کے دو سالہ بیٹے کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
سٹی پولیس سربراہ عباس احسن نے ملک سعد پولیس لائنز میں بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ یہ واقعہ پہاڑی پورہ تھانے کی حدود میں گل آباد کے علاقے میں چمکنی فلیٹس میں پیش آیا جہاں ایک روز قبل دو سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
عباس احسن نے ملزمہ کی شناخت 22 سالہ عاصمہ کے نام سے کی جو مقتول بچے کی چچی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بچے کی شناخت عرفان اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو چند دن قبل پاراچنار سے اپنی نانی کے ساتھ اپنے چچا کے گھر رہنے آیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچہ جمعہ کی شام لاپتا ہوگیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ لاش اسی عمارت سے برآمد ہوئی اور چند ہی گھنٹوں میں پولیس تفتیش کاروں نے معاملہ حل کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
عباس احسن نے بتایا کہ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے ابتدائی تفتیش کے دوران بچے کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
قتل کی ظاہری وجہ حسد بتائی جارہی ہے کیونکہ ملزمہ کی صرف ایک بیٹی تھی اور بیٹا نہ پیدا کرنے پر اسے خاندانی رنجش کا سامنا تھا۔