پشاور کے ڈاکٹر کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق


خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کورونا وائرس سے ایک اور ڈاکٹر کی موت واقع ہوگئی۔

صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر سلطان زیب میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) میں علاج جاری تھا۔

ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر سلطان زیب کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طب کے شعبے میں ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ متوفی ڈاکٹر کی نماز جنازہ بونیر میں ادا کی جائے گی۔

پی ڈی اے کا کہنا تھا کہ اب تک صوبے میں 20 ڈاکٹر وبا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے تاحال وائرس کے باعث موت کے منہ میں جانے والے طبی عملے کے لیے شہدا پیکج کا اجرا نہیں کیا ہے اور نہ ہی میڈیکل پریکٹیشنرز کے لیے رسک الاؤنس فراہم کیا ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان توحید ذوالفقار نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متوفی ڈاکٹر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور موت سے قبل وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے وائرس سے جاں بحق ڈاکٹر کی مغفرت کی دعا کی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران ڈاکٹرز کی خدمات قابل ستائش ہیں جبکہ شہریوں کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک میں کئی ڈاکٹر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

پاکستان میں حالیہ دنوں میں وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

29 اکتوبر کو ملک میں جولائی کے بعد پہلی بار ایک روز میں کورونا کے ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔

ہفتہ کو اپنی ٹوئٹ میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے واٹس ایپ نمبر پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کو رپورٹ کریں۔

حکومت نے 3 روز قبل فیصلہ کیا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ 11 شہروں میں تمام تجارتی مراکز رات 10 بجے اور پارکس شام 6 بجے بند کردیے جائیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد اس وقت 3 لاکھ 33 ہزار 369 ہے جس میں سے 3 لاکھ 14 ہزار 66 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 808 کا انتقال ہوا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں