پشاور زلمی کا لاہور قلندرز کو جیت کیلیے 141 رنز کا ہدف


 کراچی: 

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کی لاہور قلندرز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 6 کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔

شاہین آفریدی نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر امام الحق کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد شعیب ملک بیٹنگ کے لیے آئے تاہم دوسرے اوپننگ بلے باز کامران اکمل بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد حیدر علی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے تجربہ کار بلے باز روی بوپارہ نے نصف سنچری اسکور کی اور شعیب ملک 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ رتھرفورڈ نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ عماد بٹ 11 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، سلمان مرزا نے2 اور ڈیوڈ ویزے نے ایک وکٹ حاصل کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں