پست قد پر مذاق کا نشانہ بننے والے 9 سالہ بچے کو دنیا کی سپورٹ مل گئی


آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اپنے 9 سالہ بچے کی لائیو ویڈیو دنیا کے ساتھ شیئر کی جسے پست قد (بونے پن) کی وجہ سے اسکول میں بچے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

یارکا بیل نامی خاتون نے لائیو ویڈیو فیس بک اکاؤنٹ پر بنائی، اس ویڈیو میں ان کا 9 سالہ بیٹا کواڈن موجود ہے جو روتے ہوئے یہ کہتا نظر آیا کہ وہ اپنی زندگی کو ختم کرلے گا۔

یارکا بیل نے کہا کہ یہ مذاق اڑانے اور تنقید کا نشانہ بنانے کا نتیجہ ہوتا ہے۔

خاتون کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ‘میرے بیٹے کو اسکول میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس کا مذاق اڑایا گیا جس کے بعد پرنسپل کو شکایت بھی کی گئی، لیکن میں والدین، ٹیچرز اور سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ مذاق اڑانے سے یہ ہوتا ہے، میری درخواست ہے کہ آپ لوگ اپنے بچوں کو، دوستوں کو سکھائیں ورنہ اور کتنے بچے خودکشی کریں گے’۔

ویڈیو میں 9 سالہ کواڈن یہ کہتے نظر آیا کہ ‘میں چاہتا ہوں کوئی مجھے جان سے مار دے’۔

یارکا بیل نے یہ بھی بتایا کہ ان سب سے ان کو اور ان کے خاندان کو بےحد دکھ پہنچتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘جب ہم کواڈن کو اسکول سے لینے گئے تو ہم نے دیکھا کہ ایک بچہ اس کے سر پر مار رہا تھا اور اس کے پست قد کا مذاق اڑا رہا تھا’۔

اس ویڈیو کو اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

جس کے بعد WeStandWithQuaden کا ہیش ٹیگ بھی بتادیا گیا جو ٹوئٹر پر دنیا بھر میں ٹرینڈنگ پر بھی رہا۔

جہاں دنیا بھر میں لوگ اس ویڈیو کو شیئر کرنے کے ساتھ کواڈن کے سپورٹ کے لیے پیغامات جاری کرتے رہے وہیں ہولی وڈ کے نامور اداکار ہیو جیک مین اور ترکی کے باسکٹ بال کھلاڑی اینیس کانٹر نے بھی کواڈن بیل کے لیے پیغام جاری کیا۔

ہیو جیک مین نے کواڈن کے لیے ویڈیو ریلیز کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ‘کواڈن تم بہت مضبوط ہو اور میں چاہتا ہوں تم یہ جان لو کہ میں تمہارا دوست ہوں’۔

انہوں نے مداحوں کو پیغام دیا کہ ایک دوسرے کے لیے رحم دل بنیں، کسی کو تنگ کرنا اور مذاق اڑانا ٹھیک نہیں۔

اینیس کانٹر نے کواڈن کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ باسکٹ بال تھامے ہوئے ہیں اور لکھا کہ کیوں نہ تمہیں اپنے ایک میچ میں مدعو کیا جائے؟

امریکی کامیڈین بریڈ ولیمز جنہیں پست قد کی وجہ سے طویل عرصے تنقید کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے کواڈن کے لیے ایک دن میں ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر جمع کیے جو 2 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بنتے ہیں۔

بریڈ ولیمز کے مطابق انہوں نے یہ رقم کواڈن کے لیے جمع کی تاکہ وہ انہیں اور ان کی فیملی کو ڈزنی لینڈ بھیج سکیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ نے بھی یہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ اسے دیکھ کر انہیں بےحد افسوس ہوا، انہوں نے کواڈن کو پیغام دیا کہ وہ مضبوط رہیں کیوں کہ سب ان کے ساتھ ہیں۔

آسٹریلیا کی قومی رگبی ٹیم نے بھی کواڈن کے لیے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی اور کہا کہ وہ انہیں چھوڑ کر کہیں جانے کے بارے میں نہ سوچیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں