بالی ووڈ کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاسی رہنما راگھو چڈھا کی شادی میں شرکت کرنے والی سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ڈیزائنر منیش ملہوترا نے اپنے خوبصورت ملبوسات میں تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کی مختلف تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، لڑکی والوں کی جانب سے مہمانوں میں ڈیزائنر منیش ملہوترا، ثانیہ مرزا اور ان کی بہن انعم مرزا بھی شامل تھے۔
دلہنیا کی بیسٹ فرینڈ سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے انسٹا گرام کے اکاؤنٹ پر شادی کی تقریب کی مختلف تصاویر شیئر کی ہیں، ان تصاویر میں انہیں لشکارے مارتے ہوئے باخوبی دیکھا جاسکتا ہے۔
شادی کی تقریب کی مناسبت سے ثانیہ مرزا نے ملٹی شیڈز کے غرارے کا انتخاب کیا جس کے ساتھ انہوں نے نیٹ کا ہلکے گلابی رنگ کا دوپٹا لیا جبکہ ان کی بہن نے ہلکے سبز رنگ کی ساڑھی زیب تن کی۔
![پرینیتی اور راگھو کی شادی، ثانیہ مرزا اور منیش ملہوترا کے لشکارے](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-09-25/1272147_5281370_sm-am_updates.jpg)
پرینیتی چوپڑا کی شادی کا جوڑا تیار کرنے والے ڈیزائنر منیش ملہوترا نے ہلکے سرمئی رنگ کے کُرتے کے ساتھ سفید شلوار اور شال پہنی۔
![پرینیتی اور راگھو کی شادی، ثانیہ مرزا اور منیش ملہوترا کے لشکارے](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-09-25/1272147_483578_MM_updates.jpg)
سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کی بہن نے شادی کے بعد استقبالیے کا لُک بھی صارفین کے ساتھ شیئر کیا جس میں انہوں نے سفید رنگ کے شرارے کا انتخاب کیا جبکہ ان کی بہن انعم مرزا نے اس موقع پر گہرے نیلے رنگ پر ملٹی شیڈز پھولوں کے امتزاج سے کام کیا ہوا شرارہ زیب تن کیا۔
![پرینیتی اور راگھو کی شادی، ثانیہ مرزا اور منیش ملہوترا کے لشکارے](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-09-25/1272147_7527308_vlma_updates.jpg)
یاد رہے کہ اس جوڑے کی شادی کی مختلف تقریبات کا آغاز دہلی میں ایک دعائیہ تقریب سے ہوا تھا، جس کے بعد صوفی نائٹ منعقد ہوئی جس میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد موجود تھے۔
بعد ازاں ادے پور میں گزشتہ جمعے کو مہندی اور پھر ہلدی کی تقریب منعقد ہوئی، اس کے بعد باری آئی بالی ووڈ سنگیت اور شادی کی تقریب کی جو استقبالیے پر ختم ہوئی، جس میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک استقبالیہ تقریب ممبئی میں بھی منعقد کی جائے گی جس میں بالی ووڈ انڈسٹری کے فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا۔