پریزیڈنٹ ٹرافی کے فائنل کی تاریخ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے معمہ بن گئی۔
پہلے پی سی بی نے کھلاڑیوں کی سندھ پریمئیر لیگ میں شرکت کی وجہ سے پریزیڈنٹ ٹرافی کے فائنل کی تاریخ تبدیل کی اور 6 سے 10 فروری تک فائنل کروانے کا اعلان کیا تو 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں جس کی وجہ سے تاریخ پھر سے تبدیل کی تو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک کھلاڑیوں کی تیاری بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے بعد پہلی بار ڈپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل پریزیڈنٹ ٹرافی کا انعقاد کیا گیا جس کا پانچ روزہ فائنل واپڈا اور سوئی نادرن کی ٹیموں کے درمیان 27 جنوری کو نیشنل اسٹیدیم میں کھیلا جانا تھا لیکن دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سندھ پریمیئر لیگ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی جو آج سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے۔
کھلاڑیوں کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے پریزیڈنٹ ٹرافی کے فائنل کی تاریخ تبدیل کردی اور 6 سے 10 فروری تک فائنل کروانے کا اعلان کردیا لیکن 8 فروری کو پورے ملک میں عام انتخابات ہونے کی وجہ سے ٹیموں کا اعتراض پھر سامنے آیا جس کے بعد پی سی بی فائنل کی تاریخ پھر سے تبدیل کرنے پر غور کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن کے بعد فائنل کروایا گیا تو پی ایس ایل کےلیے ٹیموں کی تیاریاں شروع ہوجائیں گی اور فرنچائز ٹیموں میں شامل کھلاڑی فائنل کھیلنے میں مصروف ہوں گے۔