عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی آسکر ایوارڈز کے لیے منتخب کردہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔
پریانکا چوپڑا نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فلم ’جوائےلینڈ‘ کو دیکھنے میں واقعی ہی خوشی محسوس ہوئی، میں اس کہانی کو اسکرین پر پیش کرنے کے لیے پوری ٹیم کی معترف ہوں۔
بھارتی اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں کو یہ فلم لازمی دیکھنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ فلم کی کہانی ایک نوجوان اور ٹرانس جینڈر کے گرد گھومتی ہے جو کہ ڈانس کلب میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
اسی فلم کو کانز فلم فیسٹیول میں’کانز: کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں حال ہی میں فلم کے اداکار علی جونیجو کو ساؤ پولو فلم فیسٹیول میں بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ پاکستان کی اس متنازع فلم ’جوائے لینڈ‘ کو آسکر ایوارڈز کے لیے بھی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں 92 ممالک سے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔