بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا 2019 میں پہلے سے زیادہ بہتر بننے کے حوالے سے پُرامید اور امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ نئی زندگی کی شروعات پر مطمئن اور شکرگزار ہیں۔
پریانکا چوپڑا رواں ماہ بھارتی جریدے ووگ انڈیا کے سرورق کی زینت بنیں، جریدے کے لیے اداکارہ کا انٹرویو بھی لیا گیا جس میں ان کے شوہر نک جونس کی شخصیت کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔
انٹرویو میں اداکارہ سے پوچھا گیا کہ وہ نک جونس کو تین الفاظ میں بیان کریں، جس پر پریانکا نے شرارتی ہنسی کے ساتھ سب سے پہلے husband (شوہر)، پھر calm (پرسکون) اور اس کے بعد انہیں extremely loving (انتہائی محبت کرنے والا) قرار دیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘ہم دونوں کے لیے کام کی مصروفیات کے باعث ایک دوسرے کے لیے وقت نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن ہم پھر بھی وقت نکالتے ہیں کیونکہ رشتے کو نبھانے کے لیے ایک دوسرے کے لیے وقت نکالنا پڑتا ہے’۔
پریانکا کا کہنا تھا کہ ‘ہم دونوں کام کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں، ہمیں اپنے کام سے بہت محبت ہے لیکن ساتھ ہی ہم دونوں کو معلوم ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کو ترجیح دینی ہے اور کوشش کرنی ہے کہ وقت کو کیسے نکالا جائے’۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’ہم دونوں ہی پوری دنیا کا چکر لگانے کے خواہشمند ہیں‘۔
پریانکا اور نک جونس اس وقت کیریبین میں ہنی مون منارہے ہیں، اس سے قبل دونوں نے اہل خانہ کے ساتھ چھٹیاں انجوائے کیں۔
یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی گزشتہ برس نومبر میں بھارت کے تاریخی شہر جودھپور کے عمید بھوان پیلس میں ہوئی جس میں ان کے قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی تھی۔
یہ شادی ہندو اور عیسائی مذہبی رسومات کے مطابق انجام پائی تھی۔