انٹرویو: راجہ زاہد اختر خانزادہ
ڈیلس، ٹیکساس— پاکستان کے نامور کلاسیکل گلوکار اور پٹیالہ گھرانے کے وارث، استاد حامد علی خان، جو دو اعلیٰ صدارتی اعزازات، پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز حاصل کر چکے ہیں، نے ڈیلس کے روچی پیلس میں منعقدہ اپنے شاندار موسیقی پروگرام کے بعد جاگو ٹائمز کے ایڈیٹر انچیف راجہ زاہد اختر خانزادہ سے خصوصی گفتگو کی۔
استاد حامد علی خان نے اپنی گفتگو میں
سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ اپنی موسیقی کی جگل بندی کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، “پرویز مشرف کا گانا پوری دنیا نے سنا، اور اس وقت ان کا موسیقی میں دلچسپی لینا ایک حیران کن اور بڑی بات تھی۔ یہ ان کے شوق کی عکاسی تھی، اور آج وہ لمحات تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف نے ہمیشہ فنکاروں کو عزت دی، خاص طور پر مجھے، اور یہی وجہ ہے کہ ہم انہیں آج بھی یاد کرتے ہیں۔
استاد حامد علی خان نے کہا کہ پاکستان میں موسیقی کی ترویج کے لیے ان کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں ایسا میوزک تیار کر رہا ہوں جو نئی نسل کو بھی اپنی طرف متوجہ کرے اور انہیں آہستہ آہستہ کلاسیکل موسیقی کی اہمیت کا اندازہ ہو۔ نوجوانوں کو غزل، ٹھمری اور دیگر کلاسیکل اصناف سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور ثقافتی اداروں کو چاہیے کہ وہ موسیقی کے اصل فن کو فروغ دیں تاکہ نئی نسل کو معلوم ہو کہ اچھا اور معیاری میوزک کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے آرٹس کونسلز، پنجاب کونسل، اور کل پاکستان میوزک کانفرنس جیسے اداروں کی سالانہ کاوشوں کی تعریف کی لیکن حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان اداروں کی مزید سرپرستی کی جائے۔
استاد حامد علی خان نے موسیقی کے شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “میرا پیغام یہ ہے کہ نئے اور پرانے دونوں قسم کے میوزک کو سنیں۔ آج کل کے میوزک میں بھی مزہ ہے، مگر اصل موسیقی وہ ہے جو برسوں کی ریاضت اور محنت کا نتیجہ ہو۔ اسے سمجھنے کے لیے سننا ضروری ہے۔”
ڈیلس میں اپنی شاندار پرفارمنس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں حسن سومرو نے مدعو کیا اور ڈیلس کی عوام نے بھرپور محبت اور عزت دی۔ “میں ڈیلس کے تمام لوگوں اور خاص طور پر حسن سومرو اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس شاندار پروگرام کا انعقاد کیا۔”
واضع رہے کہ ڈیلس میں ہونے والی محفل موسیقی میں استاد حامد علی خان کی تانوں اور سروں نے سامعین کو مسحور کردیا