بھارتی معروف اداکار اکشے کمار نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے فلمسازوں کے ہاتھوں مالی طور پر کئی بار دھوکا کھایا ہے۔
حال ہی میں اداکار سدھا کونگارا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’سرفیرا‘ میں نظر آئے تھے، اکشے کمار نے اداکاری کے پیشے کے دوران مالی دھوکا دہی کا سامنا کرنے سے متعلق بات کی ہے۔
اکشے کمار آج کل اپنی حالیہ فلم ’سرفیرا‘ کی تشہیر میں کافی مصروف ہیں جو کہ 12 جولائی کو ریلیز ہوئی تھی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اداکار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا ہے کہ اُنہیں دھوکا دہی بالکل نہیں پسند مگر ہاں وہ اس کا نشانہ ضرور بن چکے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کریئر کے دوران متعدد بار مالی طور پر دھوکا کھایا ہے اور یہ دھوکا کسی اور نے نہیں بلکہ فلم کے پروڈیوسرز نے دیا ہے۔
اُن کا کسی بھی پروڈیوسر کا نام لیے بغیر مزید کہنا تھا کہ دھوکا کھانے کے بعد میں اس شخص سے بات ہی نہیں کرتا، چپ ہو جاتا ہوں اور سائیڈ میں نکل جاتا ہوں، ایک دو پروڈیوسر نے میرے معاوضے کی ادائیگی نہیں کی ہے، یہ صرف اور صرف دھوکا ہے۔
یاد رہے کہ اکشے کمار طویل مدت سے ناکامیوں اور مشکل دور سے گزر رہے ہیں، اداکار کی فلم ’سرفیرا‘ بھی باکس آفس کی ناکام فلموں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔