پرنس ہیری اورمیگھن مارکل کے ننھے شہزادے کی تصاویرمنظرعام پر


لندن: 

شاہی جوڑے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ننھے شہزادے کی تصاور منظرعام پر آگئیں۔

تین روزقبل 6 مئی کو میگھن نے ایک خوبصورت اورصحت مند بچے کو جنم دیا تھا بچے کی پیدائش کے بعد شاہی محل مبارکباد کے شور سے گونج اٹھا تھا۔

بچے کی پیدائش کا اعلان  شہزادہ ہیری اورمیگھن مارکل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کیا گیا تھا۔ لوگ ننھے شہزادے کی تصاویر دیکھنے کے لیے بے تاب تھے، تاہم شاہی جوڑے نے روایت کے برخلاف  ننھے شہزادے کی پیدائش کے دو روز بعد اسے عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔

شاہی محل میں یہ روایت ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد سینٹ میری اسپتال میں ہی بچے کوعوام کے سامنے لایا جاتا ہے۔

تاہم بچے کی پیدائش سے کچھ عرصہ قبل شاہی محل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ میگھن اسپتال میں بچے کو جنم نہیں دیں گی کیونکہ والدین بچے کی پیدائش کو نجی رکھنا چاہتے ہیں اورنہیں چاہتے کہ بچہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے۔

گزشتہ روز شاہی جوڑے نے سینٹ جارج ہال ان ونڈسر کاسل میں اپنے ننھے شہزادے کی عوام کے سامنے رونمائی کرائی۔ اس موقع پر  سفید رنگ کے خوبصورت لباس میں ملبوس میگھن مارکل اپنے شوہر کے ہمراہ کھڑی تھیں جب کہ پرنس ہیری نے بچے کو اپنی بانہوں میں تھام رکھا تھا۔

جب میگھن سے پوچھا گیا کہ ماں بن کر انہیں کیسا محسوس ہورہا ہے تو انہوں نے کہا یہ کسی جادو کی طرح ہے اور یہ احساس ناقابل یقین ہے اب میرے پاس دنیا کے دو بہترین انسان موجود ہیں، میں بہت خوش ہوں۔

میگھن نے بچے سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ بے بی سسیکس بہت ہی پُرسکون بچہ ہے جب کہ پرنس ہیری نے میگھن کی بات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا پتہ نہیں ان کے بچے نے یہ عادت کہاں سے لی ہے۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کے نومولود بیٹے تخت شاہی کے ساتویں امیدوارہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ننھے شہزادے کو شاہی اعزازسے نوازا جائے گا یا شاہی تخت سے محروم کردیا جائے گا جیسا کہ شاہی خاندان کے تین ارکان کوپسند کی شادی کی وجہ سے شاہی حیثیت ترک کرنا پڑی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں