وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جنگی مہارت کے باعث ناقابل تسخیر ہے اور پاک فوج نے بے مثال نتائج دیتے ہوئے ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیر اعظم نے منگل کو کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے مستقبل کے حوالے سے اپنے وژن پر روشنی ڈالی جہاں پر قانون کی حکمرانی، بلاامتیاز احتساب اور انصاف کی فراہمی ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائداعظم جیسے ہمارے عظیم رہنماؤں کے نظریے اور اسلامی اصولوں کے مطابق ایک خوشحال ریاست کا قیام تب ہی عمل میں آ سکتا ہے جب ہم بحیثیت قوم مسلسل محنت کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور آٹومیشن جیسے مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے کورسز میں شریک افسران سے کہا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ناکامی کے خوف سے بالاتر ہو کر اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے کام کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے خلاف ہمیشہ بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا ہے۔
####آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹر کا دورہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹر کوئٹہ کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
کور ہیڈ کوارٹرز آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا جنہوں نے نے جوانوں اور افسران کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔
آرمی چیف کو بلوچستان حکومت کے تعاون سے اٹھائے گئے سماجی و اقتصادی ترقی کے اقدامات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاک افغان اور پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے اور بارڈر منیجمنٹ کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے کہا کہ صوبے میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے پاک فوج صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کرے اور دہشت گردوں کو امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔