پاک فضائیہ دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ایئرچیف

پاک فضائیہ دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ایئرچیف


اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ قومی امنگوں کے عین مطابق دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھر پور قوت سے جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان ایئرفورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ کیا۔

فارورڈ آپریٹنگ بیسز پر تعینات پاک فضائیہ کے عملے سے گفتگو میں ایئر چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم ہر قیمت پر اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ دیگر مسلح افواج کے شانہ بشانہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور مکمل ہم آہنگی کی وجہ سے ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ قومی امنگوں کے عین مطابق دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھر پور قوت سے جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ایئر چیف نے فضائی اڈوں کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور عملے کے جذبے اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

یاد رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کارخودکش حملے کے فوراً بعد بھارت نے بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آگئی ہے اور بھارتی میڈیا مسلسل جنگ کی باتیں کررہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں