پاک بھارت امدادی کرکٹ میچز کی تجویز مسترد


 لاہور:  کپیل دیو نے پاک بھارت امدادی کرکٹ میچز کی تجویز مسترد کر دی۔

سابق بھارتی کپتان نے کہاکہ ہمارے ملک کو پیسے کی ضرورت نہیں، شعیب اختر کی تجویز پر ون ڈے سیریز کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا، سابق پاکستانی سابق اسپیڈ اسٹار نے کہا تھاکہ کورونا متاثرین کی امداد کیلیے روایتی حریفوں کے درمیان دبئی میں ون ڈے سیریز کرائی جائے، صرف ٹی وی پر میچزنشر کرنے سے حاصل شدہ آمدنی دونوں ملکوں کے ضرورتمندوں کے کام آسکتی ہے، جواب میں بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کپیل دیو نے کہاکہ ہمیں پیسے کی ضرورت نہیں،بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلیے ہمارے پاس وسائل موجود ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی51 کروڑ روپے کا فنڈ دیا، اگر ضرورت پڑی تو مزید رقم بھی جمع کرانے کی طاقت ہے،انھوں نے کہا کہ ابھی 5 یا 6 ماہ تک کرکٹ دوبارہ شروع ہونے کا امکان نظر نہیں آرہا، موجودہ صورتحال میں صحت اور سلامتی کیلیے ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اہمیت رکھتا ہے، کسی بھی نوعیت کا میچ کرانا بہت بڑا خطرہ مول لینے کے مترادف ہوگا، اس لیے شعیب اختر کی تجویز کسی طور پر بھی قابل عمل نہیں لگتی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر سابق پاکستانی اسپیڈ اسٹار کی تجویز کو توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، شائقین کے مطابق وہ بھارت کا ذکر کر کے اپنی ویڈیوز کو وہاں مقبول بنانا چاہتے ہیں، ان کی تقریباً ہر ویڈیو میں پڑوسی ملک کے حوالے سے کچھ نہ کچھ ضرور شامل ہوتا ہے، سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے ماضی میں کہا تھا کہ شعیب ملک کی بڑی مارکیٹ سے پیسہ کمانے کے چکر میں ہماری تعریفیں کرتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں