پاک ایران مذاکرات؛ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: 

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایران اورپاکستان کے مابین وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پرمذاکرات ہوئے، جن میں دو طرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کے دوران ہونے والے فیصلوں پرعملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ معاملات پرتعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اورکشیدگی میں کمی کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرے گا۔

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس سے قبل ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں