پاک ایران بارڈر بند ہونے سے ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تفتان بارڈر بند ہونے سے یومیہ 1000میٹرک ٹن ایل پی جی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے جس کے باعث ملک میں ایل پی کی نایاب ہوگئی ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمت میں 50 سے 70 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد قیمت 180 سے 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2100 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 8200 روپے ہو گئی ہے۔
ایل پی جی کی قلت کے باعث بعض دکانداروں نے من مانی کرنا شروع کر دی ہے۔ تاجروں کی طرف سے گراں فروشی کی جا رہی ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ ایران سے گیس کی سپلائی بند ہونے سے قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب گذشتہ روز پاکستانی امیگریشن حکام نے پاک ایران سرحد کی بندش کے باعث تفتان میں 3 روز سے پھنسے ایرانی ٹرانسپورٹرز اور ڈارئیوروں کو ایران جانے کی اجازت دے دی تھی۔
اس حوالے سے امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی ٹرانسپورٹرز کو اپنی گاڑیاں بھی واپس لے جانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ایران سے پاکستانیوں کو آنے کی اجازت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
امیگریشن حکام کا مزید کہنا تھا کہ تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ دیگر آمدورفت کے لیے بدستور بند ہے۔
واضح رہے کہ چین کے بعد ایران میں بھی کورونا وائرس شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جس کے باعث پاک ایران بارڈر کو ہر طرح کی نقل و حمل کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
تفتان بارڈر کی بندش سے پاکستانی زائرین اور تاجر سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔
اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جید علماء کرام اور قافلہ سالار زائرین کو حکومتی عملے سے مکمل تعاون کے لیےقائل کریں۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مدارس، خطبہ جمعہ اور مجالس میں عوام کو آگاہی دی جائے۔لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ بھی کیا جائے۔