پاک انگلینڈ سیریز کرکٹ کی بحالی کاآغاز قرار


لاہور:  ظہیرعباس نے پاک انگلینڈ سیریز کو کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی کا آغاز قرار دے دیا، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ بند دروازوں کے پیچھے ہی سہی کم از کم شائقین کو ایکشن تو دیکھنے کو ملے گا،کرکٹرز بھی اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھ سکیں گے، خالی اسٹیڈیمز میں میچ کے دوران بھی کھلاڑی یکسوئی سے بہترین کھیل پیش کرنے پر توجہ دیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں ظہیر عباس نے کہاکہ پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز دنیا میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز ثابت ہوسکتی ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے بورڈز مالی خسارے میں جارہے ہیں، دوسری طرف کرکٹرز ایکشن کو ترسے ہوئے ہیں۔

اس صورتحال میں کسی انداز میں ہی کرکٹ بحال ہوجائے تو بڑی خوش آئند بات ہوگی،انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد کھیل کا ماحول مختلف ہوگا لیکن کرکٹرز کو اس کیلیے تیار رہنا چاہیے،پاکستان کو انگلینڈ میں جاکر کھیلنا ہوگا،بند دروازوں کے پیچھے ہی سہی کرکٹ تو ہوگی، کھلاڑیوں کو بھی اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھنے میں مدد ملے گی،ظہیر عباس نے کہا کہ صرف ٹی وی پر ہی میچز دیکھنے کا موقع ملے تب بھی دنیا بھر میں شائقین لائیو کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھائیں گے۔

اس کا ایک فائدہ یہ ہونا ہے کہ دیگر ملکوں کو بھی مقابلے کرانے کا حوصلہ ملے گا، لاک ڈاؤن کی وجہ سے پہلے سے کہیں زیادہ افراد ٹی وی پر میچ دیکھیں گے،انگلش بورڈ کو بھی نشریاتی حقوق سے آمدنی حاصل ہوگی۔

انھوں نے کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ اگر خالی اسٹیڈیمز میں بھی میچ کھیلنا پڑیں تو یکسوئی کے ساتھ بہترین کھیل پیش کرنے پر توجہ دیں، یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہ صورتحال وقتی طور پر ہے اور ایک بار تماشائیوں سے بھرے وینیوز میں میچز کے دوران ایکشن نظر آئے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں