پاک فوج کے مطابق پاک افغان سرحد پر افغانستان سے دہشت گردوں نے پاکستانی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع دتوئی میں سرحدی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 فوجی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں کی شناخت 43 سالہ حوالدار سلیم عمر اور 35 سالہ لانس نائیک پرویز عمر کے نام سے ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقل طور پر افغانستان سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی طرف سے مؤثر بارڈر کنٹرول کو یقینی بنائے۔
پاک فوج نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس طرح کے حملے حال ہی میں تواتر سے ہونے لگے ہیں۔
گزشتہ ماہ کے اوائل میں بھی اس طرح کا ایک واقعہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پیش آیا تھا جہاں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی زخمی ہو گیا تھا۔
اس سے چند روز قبل بلوچستان کے علاقے ژوب کے سیکٹر منزاکئی میں گھات لگا کر بیٹھے ہوئے دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف فرنٹیئر کورپس پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں چار جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔
اس حملے کے بعد افغان سفارتخانے سے کہا گیا تھا کہ وہ متعلقہ حکام کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گردوں کے منظم گروہوں کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائے اور ان پروٹوکولز پر عملدرآمد کرے جن پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا تھا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے گریز کریں۔
گزشتہ سال اکتوبر میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے باجوڑ میں پاک آرمی کی چوکی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ اس سے ایک ماہ قبل بھی اس طرح کا ایک حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک فوجی کی شہادت ہوئی تھی۔