پاکستان ہاکی ٹیم ٹوکیو اولمپکس 2020ء کی دوڑ سے باہر ہوگئی


ٹوکیو اولمپکس تک رسائی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کی آخری امید بھی دم توڑ گئی۔

اولمپک کوالیفائرز کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈ  نے گرین شرٹس پر گولز کی برسات کر دی اور مقابلہ 1-6  سے جیت کر ٹوکیو اولمپکس سے پاکستان کو باہر اور خود رسائی حاصل کر لی۔

اولمپکس کوالیفائیرز کا دوسرا میچ بھی ایمسٹلوین میں پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان کھیلا گیا اور پہلے میچ کی نسبت دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کا کھیل انتہائی مایوس کن رہا۔

قومی ٹیم کی دفاعی لائن نہ تو گول روک سکی نہ ہی فارورڈز گول کرسکے جب کہ نیدرلینڈ کے کھلاڑی ایک کے بعد ایک گول کرتے چلے گئے اور پاکستانی کھلاڑی منہ دیکھتے رہ گئے۔

پہلے کوارٹر میں ہالینڈ کو 0-2، ہاف ٹائم میں چار صفر اور تیسرے کوارٹر میں 0-6 کی برتری تھی جب کہ پاکستان کی جانب سے واحد گول آخری کوارٹر میں رضوان علی نے کیا۔

واضح رہے کہ تین مرتبہ کی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم مسلسل دوسری بار اولمپکس گیمز سے باہر ہوئی ہے، 2016 کے ریو اولمپکس میں بھی پاکستان ہاکی ٹیم کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔

پاکستان ہاکی ٹیم مجموعی طور پر تین مرتبہ اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیت چکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں