پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے کے لیے ہم خود انحصاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی پر کام جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا۔
آرمی چیف کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، پاکستان کی مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں اس کے تعاون اور برآمدی صلاحیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

جنرل عاصم منیر نے پی او ایف مصنوعات کی وسیع رینج کا مشاہدہ کیا جس میں ٹیسٹ اور ٹرائلز کے تحت مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ نئے ہتھیار اور بارود شامل ہیں۔
پی او ایف افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے پی او ایف کو پاکستان کی اہم دفاعی صنعت بنا کر ملکی سلامتی اور معیشت میں ان کے کردار کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ترقی کا راستہ پی او ایف واہ جیسی مقامی صنعتوں سے متعین ہوتا ہے، جبکہ ہم پاکستان کے دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے کے لیے خود انحصاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی پر کام جاری رکھیں گے۔
قبل ازیں آمد پر چیئرمین پی او ایف واہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔