پاکستان کی سعودیہ سے عازمین حج کیلئے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست

پاکستان کی سعودیہ سے عازمین حج کیلئے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست


اسلام آباد: پاکستان نے سعودی حکومت سے عازمین حج کے لیے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سعودی وزارت حج نے عازمین حج کے لیے کورونا ویکسین کی لازمی شرط عا ئد کی ہے۔

اس ضمن میں وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کیا ہے جس میں چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

پاکستان نے چین کے علاوہ دیگر ممالک کی ویکسین فوری طور پر لگوانا مشکل قرار دیا ہے۔

پاکستان کا موقف ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی چینی ویکسین کی منظوری دی ہے اسی لیے سعودی عرب بھی چینی ویکسین کو منظور کرے۔

اس سے قبل پاکستان میڈیکل ایسو ایشن (پی ایم اے) نے دنیا بھر میں متفرق ویکسینیش کے معاملے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام ان ممالک کو آمادہ کریں کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے مخصوص ویکسینیشن کا تقاضہ نہ کریں۔

پی ایم اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد کی جانب سے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کو 21 مئی کو لکھے گئے مراسلے میں زور دیا گیا کہ عالمی ادارہ صحت ویکسینیش کے حوالے سے مختلف ممالک کے دیار غیر جانے والے شہریوں کے اہم مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس ضمن میں پی ایم اے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ڈبلیو ایچ او بذریعہ مراسلہ آگاہ کیا گیا کہ کچھ ممالک کے متعلقہ اداروں نے کورونا ویکسین کے مخصوص برانڈز کی منظوری دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کے ملک میں آنے والے افراد کے لیے مخصوص برانڈ کی ویکسینیش ہونی چاہیے۔

پی ایم اے نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف برانڈز کی ویکسین استعمال ہورہی ہیں اس کے باوجود کچھ ممالک اپنے ملک میں آنے والے افراد کے لیے مخصوص برانڈ کی ویکسینیشن کا تقاضہ کررے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص برانڈز کی منظوری کی پالیسی سے بین الاقوامی سفر اور تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

پی ایم اے کی جانب سے ڈبلیو ایچ او پر زور دیا گیا کہ وہ ایسے ممالک کو قائل کریں کہ متفرق ویکسینیشن کے حامل غیر ملکی مسافروں کو مخصوص برانڈز کی ویکسین لگانے پر دباؤ نہ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ بصورت دیگران لوگوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے جو روز گار، کاروبار، تعلیم اور علاج اور دیگر مقاصد کے لیے ان مملکوں میں جانا چاہتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور اور پی ایم اے کی جانب سے ویکسین سے متعلق بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب حال ہی میں سعودی عرب کے محکمہ صحت نے غیرملکیوں کے داخلے پر مخصوص ویکسین پر زور دیا ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے کہا گیا کہ وہ تمام مسافر جو ریاض میں داخل ہونا چاہتے ہیں وہ پہلے مقررہ ایپ پر رجسٹریشن کرائیں۔

رجسٹریشن صرف ان لوگوں کے لیے دستیاب ہے جنہوں نے فائزر ، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا کی دو- دو خوراکیں اور جانسن اور جانسن ویکسین کی ایک خوراک لی ہو۔

اس میں مزید کہا تھا کہ جنہوں نے فائزر، موڈرنا اور ایسٹرا زینیکا ویکسین کی ایک خوراک لی ہے وہ ویب سائٹ پر اندراج نہیں کرسکتے اور انہیں آمد کے وقت قرنطینہ کا سامنا ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں