بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر کمیونی کیشن جیری رائس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مالی خسارہ کم کرنے کے لیے زیادہ ٹیکس جمع کرنا ہو گا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کمیونی کیشن جیری رائس کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ٹیم آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچے گی، آئی ایم ایف کے قائم مقام ڈائریکٹر جہاد آزور بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
بجٹ خسارےکو کنٹرول کرنے کے لیے سبسڈیز اور ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی سے متعلق سوال پر جیری رائس کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد مقامی ٹیکس آمدن بڑھانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کو سپورٹ کرنےکی منظوری دی ہے، لیکن پاکستان کو مالی خسارہ کم کرنے کے لیے زیادہ ٹیکس جمع کرنا ہو گا۔
ڈائریکٹر کمیونی کیشن آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مقامی ٹیکس آمدنی کے ذرائع متحرک کرنا ہوں گے، معاشرتی اور ترقیاتی اخراجات کے لیے بھی آمدنی بڑھانا ضروری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں جیری رائس نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ٹیکس کلیکشن کی بہتری پر زور دیا۔