پاکستان کو خطے میں قوت اور استحکام کا ذریعہ سمجھتے ہیں: سعودی نیول چیف


کراچی: پاکستان نیول اکیڈمی میں 111 ویں مڈ شپ مین اور 20 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ 

 پی این ایس رہبر میں ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 77 مڈشپ مین شریک ہوئے جس میں سے 7 کا تعلق قطر، 3 کا سعودی عرب اور 2 کا تعلق بحرین سے تھا جبکہ 98 کیڈٹ نے شارٹ سروس کمیشن کورس پاس آؤٹ کیا جس میں 25 خواتین کیڈٹ شامل تھیں۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سعودی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ نے بھی شرکت کی۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سعودی نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کا سب سے قریبی دوست ہے اور سعودی عرب پاکستان کو خطے میں قوت اور استحکام کا ذریعہ سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عالمی استحکام اور امن و امان کے لیے کوشاں ہیں۔ سعودی نیول چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد بھی دی۔


اپنا تبصرہ لکھیں