پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر مل گئے

پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر مل گئے


آئی ایم ایف نے پاکستان کو بطور قرض ایک ارب ڈالر سے زائد کی رقم فراہم کردی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو جمعے کے روز بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کی قسط کے طور پر ایک ارب 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مل گئے ہیں۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 2 فروری کو اپنے چھٹے جائزے کے اجلاس میں پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے قرض پیکیج میں سے تقریباً ایک ارب ڈالر کے قرض کی قسط کی منظوری دی تھی۔

اس طرح اب تک پاکستان کو 6 ارب ڈالر میں سے 3 ارب ڈالر مل گئے اور باقی 3 ارب ڈالر کے لگ بھگ رقم پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے جائزوں کے بعد جاری کی جائے گی۔

آئی ایم ایف سے حاصل ہونے والے ایک ارب ڈالر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو پورا کرنے کے لیے استعمال ہوں گے۔

حکومت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے چند روز قبل ایک ارب ڈالر مالیت کے سکوک بانڈز بھی جاری کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ جنوری کے مہینے میں مختلف ادائیگیوں کی وجہ سے پاکستان کے زرمبادلے کے ذخائر میں ایک ارب 94 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 28 جنوری 2022 تک پاکستان کے مجموعی زر مبادلہ ذخائر کا حجم 22 ارب 8 کروڑ ڈالر ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں