کراچی:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں مقامی 10بینکوں کے صدور نے گورنراسٹیٹ بینک کی موجودگی میں پاکستان کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنی لمیٹڈ کے قیام کیلیے شیئرہولڈرز کے سمجھوتے پرجمعہ کو دستخط کردیئے ہیں۔
حبیب بینک، نیشنل بینک آف پاکستان، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، الائیڈ بینک، میزان بینک، بینک الفلاح، بینک الحبیب، حبیب میٹروپولیٹن بینک اور فیصل بینک نیکارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنیزایکٹ مجریہ2016کی دفعات کے تحت 50کروڑروپے مالیت کے ابتدائی اداشدہ سرمائے کیساتھ مذکورہ کمپنی قائم کی ہے جو پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی کمپنی ہے۔
سی آر سی کے قیام کے مقاصد میں بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی شامل ہے جو حکومت پاکستان کی کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی آر سی ایکٹ 2016کے تحت سی آر سیز کو مالی اداروں کے غیر فعال اثاثوں کو تحویل میں لینے، ان کی تشکیل نو اور کمرشل یا مالی دبئو کا شکار کمپنیوں کی تنظیم نو اور بحالی کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔