کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ٹیم کے کپتان یا کوچ کی تبدیلی سے فرق نہیں پڑے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ جنوبی افریقا کی وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کی نہیں اور ہمارے پلئیرز کو وہاں کی وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ نہیں، اگر جنوبی افریقا جیسی وکٹیں ہم بناتے تو اب تک رپورٹ ہوچکی ہوتیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں کپتان سرفراز احمد کو سپورٹ کرنا چاہیے، سرفراز کے متبادل اگر کوئی کپتان ہے تو بتائیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تبدیلی سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی دو میچز میں قومی ٹیم کی ناکامی پر سابق کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقا میں ہمیشہ پاکستان ٹیم کی یہی صورتحال ہوتی ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ملتان میں کرکٹ اکیڈمی کا آغاز کرنے جارہا ہوں جہاں دو تین وکٹیں ایسی بنائیں گے جس کی مٹی بیرون ملک سے لائی جائے گی، اکیڈمی میں فاسٹ بولرز کے ساتھ بیٹنگ اور اسپن بولنگ کی بھی جدید تکنیک سےآگاہی دی جائے گی۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ڈی ایچ اے ملتان گالف کورس میں گالف کی اکیڈمی بھی بنائی جائے گی۔