دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ممالک کو ہلا کر رکھ دینے والے مہلک کورونا وائرس کی دوسری لہر پاکستان میں بھی جاری ہے اور یومیہ اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 37 ہزار 206 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 615 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 80 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ مزید 2 ہزار 904 مریض صحتیاب ہوگئے۔
یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 57 ہزار 288 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 7 ہزار 405 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 330 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 40 ہزار 553 ہے
اگر اس وائرس کی بات کریں تو چین میں گزشتہ برس دسمبر سے شروع ہونے والی اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان میں رپورٹ ہوا تھا۔
جس کے بعد ابتدائی ایک مہینے تک اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل سے جون تک اس وائرس میں تیزی آئی اور جون کے مہینے میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔
تاہم پھر جولائی کے آخر میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور صورتحال کافی حد تک معمول کے مطابق ہوگئی تھی۔
جس کے بعد ستمبر کے وسط میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کچھ اضافہ شروع ہوا جو اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت اختیار کرگیا اور اب دسمبر میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔
یومیہ اعداد و شمار کو دیکھیں تو 20 دسمبر کو مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 120 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 103 تک پہنچ گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث ایک روز میں 17 اموات ہوئیں اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 319 تک پہنچ گئی۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 722 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 428 ہوگئی۔
صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 46 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 604 ہوگئی۔
خیبرپختونخوا
صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 500 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 54 ہزار 948 ہوگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 15 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 536 پر جا پہنچی۔
بلوچستان
صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 909 ہوگئے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 179 پر برقرار ہے۔
اسلام آباد
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 212 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 117 تک جا پہنچی۔
وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید ایک مریض جاں بحق ہوا جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 389 ہوگئیں۔
آزاد کشمیر
کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 24 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 961 ہوگئی۔
آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض زندگی کی بازی ہارگیا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 204 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں وبا کے 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 822 ہوگئی۔
مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 پر برقرار ہے۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 904 افراد شفایاب ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 7 ہزار 405 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 457288
صحتیاب: 407405
اموات: 9330
فعال کیسز: 40553
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 103 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 428 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 54 ہزار 948 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 909 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 36 ہزار 117، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 961 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 822 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:
سندھ: 3319
پنجاب:3604
خیبرپختونخوا: 1536
بلوچستان: 179
اسلام آباد: 389
آزاد کشمیر: 204
گلگت بلتستان:99