دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز ہزار سے زیادہ جبکہ اموات درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 502 مریض سامنے آئے جبکہ مزید 57 افراد انتقال بھی کرگئے۔
ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 59 ہزار 93 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 185 تک پہنچ گئیں۔
تاہم ایک ہزار 732 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 16 ہزار 683 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہزار 225 رہ گئی۔
اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔
ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔
جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔
تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔
دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تاہم اس کے باوجود اموات کی تعداد اب بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔
اگر آج 11 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 538 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 296 تک پہنچ گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 14 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 171 تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 634 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 391 ہوگئی۔
علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 34 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 982 ہوگئی۔
خیبرپختونخوا
صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 186 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 68 ہزار 472 ہوگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 976 تک جا پہنچی۔
بلوچستان
رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 892 ہوگئے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 197 پر برقرار ہے۔
اسلام آباد
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 91 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہزار 279 تک جا پہنچی۔
وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کوئی انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 481 پر برقرار ہے۔
آزاد کشمیر
کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 43 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 334 ہوگئی۔
آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 مریضوں کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح یہ تعداد 276 تک جاپہنچی۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 3 نئے کیس سامنے آئے اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 923 ہوگئی۔
مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 732 افراد شفایاب ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 951 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 559093
صحتیاب: 516683
اموات: 12185
فعال کیسز: 30225
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 296 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 391 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 68 ہزار 972 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 892 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 42 ہزار 279، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 279 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 923 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:
سندھ: 4171
پنجاب: 4982
خیبرپختونخوا: 1976
بلوچستان: 197
اسلام آباد: 481
آزاد کشمیر: 276
گلگت بلتستان: 102