پاکستان میں عوام کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے: شاہ محمود قریشی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عوام کورونا جیسے موذی مرض کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میری طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کورونا وائرس عالمی وبا ہے جس سے دنیا کے 180 ممالک متاثر ہیں لیکن پاکستان میں لوگ کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے بچوں کو پارکس اور ریسٹورنٹس میں لے کر جا رہے ہیں، لوگ جب تک اپنی ذمہ داری ادا نہیں کریں گے تو کورونا کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کورونا وائرس سے اس لیے لڑ سکا کیونکہ وہاں کے عوام نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، اور آج چین میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے دورے سے واپسی پر خود کو 5 سے 7 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 روز بعد اپنے ٹیسٹ کراؤں گا اور پھر نتائج سامنے آنے کے بعد میڈیا اور عوام سے براہ راست رابطہ کروں گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں