‘پاکستان میں سینیئر اداکاروں کی عزت نہیں کی جاتی’


پاکستانی انڈسٹری کی معروف اداکارہ بدر خلیل نے 2014 میں شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا، جس کی وجہ اداکارہ کے مطابق یہ تھی کہ چینل مالکان اور پروڈیوسرز کا ان کے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں۔

بدر خلیل حال ہی میں ثمینہ پیرزادہ کے شو ‘روائنڈ ود ثمینہ’ میں جلوہ گر ہوئیں جہاں انہوں نے انڈسٹری چھوڑنے کے حوالے سے انٹرویو میں نفصیلی بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی کی سب سے بہترین اداکارائیں

انٹرویو کے دوران ثمینہ پیرزادہ نے بدرخلیل سے سوال کیا کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا وہ ریٹائرمنٹ لے رہی ہیں کیوں کہ اداکار تو کبھی ریٹائر نہیں ہوتا۔

اس پر بدر خلیل کا کہنا تھا کہ ‘اس ملک میں اداکار ریٹائر ہوجاتا ہے، اُسے لوگ ریٹائر کردیتے ہیں، یہاں سینیئرز کی عزت نہیں کی جاتی، میں نے 50 سال اس انڈسٹری میں کام کیا، اچھا برا چھوٹا بڑا ہر طرح کا کردار نبھایا، 20 سال کی عمر میں میں نے 80 سال کی بوڑھی عورت کا کردار تک نبھایا لیکن ہمیں وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو نئے اداکاروں کو ملتی ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں کسی کا نام نہیں لوں گی لیکن اتنے سال بعد مجھے احساس ہوا کہ مجھے عزت نہیں دی گئی، عوام نے مجھے عزت دی لیکن اپنی فیلڈ کے لوگوں نے عزت نہیں دی، وہ نئے نئے لوگوں کو زیادہ توجہ دیتے ہیں’۔

ان کے مطابق ‘نئے لوگوں کو توجہ ضرور دیں کیوں کہ ہمارے بعد کوئی آئے گا، ان کے بعد کوئی اور آئے گا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اداکار جنہوں نے اپنی پوری زندگی دی اس فیلڈ کو اسے پیچھے کردیں’۔

بدر خلیل کا کہنا تھا کہ ‘حکومت نے مجھے پرائڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ تو نہیں دیا کیوں کہ میں نے کوئی چمچا گیری نہیں کی لیکن مجھے لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا’۔

انٹرویو کے دوران بدر خلیل نے انڈسٹری میں آئی نئی اداکاراؤں کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کام اس سنجیدگی سے نہیں لیتی جیسے لینا چاہیے اور ان کے رویے کی وجہ سے دوسرے اداکاروں کا وقت ضائع ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: بدر خلیل: ایک عہد کا اختتام

بدر خلیل ہر کردار میں انگوٹھی کے نگینے کی طرح فٹ ہوجاتی تھیں، ‘بی جمالو’ کا بھوت ہو، ‘تنہائیاں’ کی آنی، ‘ان کہی’ کی ذکیہ، ‘قدوسی صاحب کی بیوہ’ میں عقیلہ بوا اور ‘شک’ میں ظالم ساس کا کردار ان کے کیریئر کے چند یادگار کرداروں کی مثالیں ہیں۔

یاد رہے کہ 2014 میں ڈان کو دیے خصوصی انٹرویو میں بدرخلیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ شوبز سے افسردگی کے احساس کے ساتھ رخصت ہورہی ہیں۔

بدر خلیل کو اس ہی سال ہم ایوارڈز میں لائف ٹائم اچیومنٹ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا جبکہ تقریب کے دوران ان کا سلطانہ صدیقی اور فواد خان کے ساتھ جھگڑا ہوا جس کے بعد وہ اپنا ایوارڈ چھوڑ کر وہاں سے چلی گئیں۔

اس ہی واقعے کے بعد اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد بدر خلیل پاکستان چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے کینیڈا منتقل ہوگئیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں