مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چند ہفتوں سے چہ مگوئیاں ہیں کہ ملک میں ایک نئی موبائل فون سروس ’اونک‘ متعارف ہونے جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کے مطابق ’اونک‘ کو 14 اگست کو متعارف کرایا جائے گا جو کہ ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی ہے لیکن مذکورہ کمپنی پاکستان کی پہلی فائیو جی انٹرنیٹ ٹیکنالوجی سے لیس کمپنی ہوگی۔
ایسی پی ٹی اے نے اپنی وضاحتی ٹوئٹ میں کہا کہ ملک میں ایک نئے آپریٹر اور اس کی نئی سروس ’’اونک (ONIC)‘‘ کے حوالے سے عوام اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہیں غلط ہیں، پاکستان میں کسی بھی نئے موبائل آپریٹر کو سیلولر لائسنس نہیں دیا گیا۔
جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) جو پہلے سے ہی ’یوفون‘ برانڈ کی مالک کمپنی ہے ، وہ مارکیٹ میں ڈیجیٹل طبقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک اور نئی ڈیجیٹل پروڈکٹ ’اونک‘ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتہ ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اونک کو متعارف کرانے کا مقصد صارفین کو روایتی خدمات کی فراہمی کے بجائے آسان ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی اے نئے برانڈ کی مالک کمپنی پی ٹی ایم ایل کے ساتھ مل کر ’اونک‘ کو شروع کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے مطابق ریگولیٹری تعمیل اور صارفین کے تحفظ کے عزم کے پیش نظر پی ٹی اے نے پی ٹی ایم ایل کو تمام ضروری ریگولیٹری تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے کہا ہے۔
بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اونک کی سروسز کب سے شروع ہوں گی اور مذکورہ برانڈ کون سی اور کس طرح کی ڈیجیٹل خدمات فراہم کرے گا۔
تاہم اطلاعات ہیں کہ اونک کو خصوصی طور پر انٹرنیٹ پیکیجز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے اور یہ برانڈ خصوصی طور پر انٹرنیٹ ڈیٹا کا کام کرے گا اور یہ بلکل موجودہ موبائل سمز کی طرح ہوگا اور اس سے کالز بھی کی جا سکیں گی، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔