کراچی:
ماہرہ خان کا شمار پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ بھی بطور ہیروئن کام کرچکی ہیں۔ اداکارہ ماہرہ خان کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ آئٹم نمبر کرنے اور مختصر کپڑے پہننے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کررہی ہیں۔
ماہرہ خان نے خود کو خوش قسمت اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا اپنے آپ کو پاکستانی اداکارہ ہونے کے باعث بے حد خوش قسمت سمجھتی ہوں کیونکہ یہ ایک واحد ملک ہے جہاں آپ جتنے زیادہ کپڑے پہنیں گے وہاں آپ کو اتنی زیادہ عزت ملے گی۔
ریحام خان ماہرہ خان کی اس بات پر ہنستی ہیں اور کہتی ہیں یہ آپ نے اچھا پوائنٹ بتایا ہے لیکن ماہرہ خان اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہتی ہیں آپ کو پاکستان میں عزت حاصل کرنے کے لیے آئٹم نمبر کرنے کی ضرورت نہیں ہے آپ کو اس وقت عزت ملتی ہے جب آپ مکمل لباس میں ہوں اور اتنی ہی آپ کی واہ واہ ہوتی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ ڈبل اسٹینڈرڈ ہو لیکن یہی حقیقت ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان کو شوبز انڈسٹری میں تقریباً 8 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور انہوں نے اس عرصے میں کسی آئٹم سونگ پر ڈانس نہیں کیا اور نہ ہی بھارت میں کوئی آئٹم نمبر کیا ہے۔ حالانکہ ماضی میں پاکستان کی کئی اداکارائیں بھارت جاکر آئٹم سونگ پر ڈانس کر چکی ہیں۔