پاکستان عمران خان کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے: سعد رفیق


لاہور: سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان نالائق منیجرز کے ہاتھ آگیا ہے، جو ان کو لیکر آئے ہیں، وہ سب اب پچھتا رہے ہیں۔

لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کی باگ ڈور نااہل افراد کے ہاتھ میں آگئی ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ میں انہیں رلاؤں گا، یہ ہر پاکستانی کو رُلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عمران خان کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہے، ان کی ٹیم نالائق بھی ہے اور نااہل بھی ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کا صرف ایک کام ہے کہ مخالفین کو ٹارگٹ کرنا، لوگوں کو گرفتار کرانا اور کرپشن کرپشن کا چورن بیچنا تاکہ ان کی نالائقی اور نااہلی کی طرف کوئی توجہ نہ دے۔

لیگی رہنما نے وزیر خزانہ اسد عمر کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا وزیر خزانہ انوکھا وزیر خزانہ ہے، جب وزیر خزانہ یہ کہہ دے کہ ملک دیوالیہ ہونے جارہا ہے تو اس ملک میں کون پیسہ لائے گا، اور جو سرمایہ کار ہے وہ بھی اپنا پیسہ واپس لے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر کا بیان پاکستان کی سالمیت پر حملہ سمجھتا ہوں اور یہ پاکستان کے قومی مفاد سے متصادم ہے اور اس کے پیچھے غیرملکی ایجنڈا لگتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسد عمر کی جواب طلبی پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے، انہوں نے کس کے کہنے پر اور کسے خوش کرنے کے لیے یہ بیان دیا، انشاءاللہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں ایک عام آدمی اور غریبوں کے لیے کچھ نہیں ہے، سوائے آہوں کے، دھکوں کے اور سسکیوں کے، جو انہیں لیکر آئے ہیں، ووٹ سے آئے ہیں یا جس طرح بھی آئے ہیں، وہ سب اب پچھتا رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں