ابو ظہبی: مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی ابوظہبی میں مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹر ظفر نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی تفصیلات بتائی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو 100 فیصد یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے ایک مربوط اور جامع پلان تشکیل دےدیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ترقیاتی ادارے پاکستان میں پولیوکے خاتمے کیلئے 2.06 بلین ڈالر دیں گے جب کہ حکومت پاکستان پولیو کے خاتمے کیلئے 150 ملین ڈالر فراہم کرے گی، اس کے علاوہ بل گیٹس پاکستان میں پولیوکے خاتمے کیلئے 1.08 بلین ڈالر فراہم کریں گے۔
اس موقع پر مائیکرو سوفٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔