پاکستان سے سیریز؛ پیس بیٹری کا انتخاب انگلینڈ کیلیے دردِ سر


مانچسٹر: 

 پاکستان سے سیریز میں پیس بیٹری کا انتخاب انگلینڈ کیلیے درد سر بن گیا۔سلیکٹرز پریشان ہیں کہ ان فارم بولرز میں سے کسے کھلائیں کسے باہر بیٹھائیں، فی الحال گرین کیپس سے پہلے ٹیسٹ کیلیے 14 رکنی اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔ کپتان جوئے روٹ نے تسلیم کیاکہ ویسٹ انڈیز سے سیریز جتوانے والوں کو آرام دینا مشکل فیصلہ ہوگا۔

انگلینڈ نے کیریبیئن ٹیم کو 3 ٹیسٹ کی سیریز میں 1-2 سے شکست دی، اس کامیابی میں اسٹورٹ براڈ نے اہم کردار ادا کیا،انھوں نے نہ صرف سیریز کے 2میچز میں سب سے زیادہ 16 وکٹیں لیں بلکہ اس دوران 500 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے ساتویں بولر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انھیں سیریز کے پہلے میچ میں ڈراپ کردیا گیا تھا۔

اب انگلش ٹیم کی پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کیلیے مانچسٹر واپسی ہوگی،اس وقت سلیکٹرز کیلیے سب سے بڑا دستیاب ان فارم بولرز میں سے پیس اٹیک کا انتخاب ہے، انھیں فیصلہ کرنا ہے کہ براڈ، جیمز اینڈرسن، کرس ووئکس اور جوفرا آرچر کو برقرار رکھیں یا پھر آرام پانے والے مارک ووڈ اور سام کیورن کو بلاکر اٹیک کو تازہ دم کیا جائے۔ فی الحال ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے والے 14 رکنی اسکواڈ کو پاکستان سے 5 اگست سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کیلیے برقرار رکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے کپتان جوئے روٹ نے کہاکہ کسی کو بھی باہر بیٹھانا بہت مشکل ہے مگر دیگرباصلاحیت کھلاڑی بھی موقع کے منتظر ہیں، بطور کپتان میرے لیے وسائل کی دستیابی خوشی کی بات اور میں تو چاہتا ہوں کہ یہ دردسر طویل عرصہ جاری رہے۔انگلش اسکواڈ کپتان جوئے روٹ، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، ڈومینک بیس، براڈ، روری برنز، جوز بٹلر، زیک کریولی، سام کیورن، اولی پاپ، ڈوم سبلی، بین اسٹوکس، کرس ووئکس اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔ ریزرو پلیئرز میں جیمز بریسی، بین فوئیکس، جیک لیچ اور ڈان لارنس شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں