پاکستان سے بہت پذیرائی مل رہی ہے، سنجے لیلا بھنسالی

پاکستان سے بہت پذیرائی مل رہی ہے، سنجے لیلا بھنسالی


بالی ووڈ کے فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے بہت پذیرائی مل رہی ہے، فتنہ پھیلانے والوں کو چھوڑ کر مجھے لگتا ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے حال ہی میں دیئے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ ان کی ڈیبیو ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ پاکستان میں بھی بےحد مقبول ہو رہی ہے اور انہیں پاکستان سے بہت پیار اور محبت مل رہا ہے۔

انہوں نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہیرا منڈی کی کہانی صرف پاکستان کی نہیں بلکہ ہم سب کی کہانی ہے، یہ اس وقت کی کہانی ہے جب ہندوستان ایک تھا، آج ہیرا منڈی کی کہانی جتنی پاکستان کی ہے اتنی ہی ہماری بھی ہے، یہ ہم سب کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اب بھی ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ ہم سب ایک ہیں، ہم مختلف طریقوں سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، چند ایک فتنہ پھیلانے والوں کو چھوڑ کر باقی تمام لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے تنقیدی رائے پر کوئی اعتراض نہیں ہے میرے کرداروں میں ایسی صلاحیت ہے جو لوگوں کو میرے کام سے جوڑتی ہے، اس لیے وہ اس پر تبصرہ کرتے ہیں۔ کسی کو میرا کام پسند آتا ہے تو کسی کو نہیں، اس پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔

خیال رہے کہ یکم مئی کو ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ 1940 کی کہانی ہے جس میں منیشا کوئرالہ، سوناکشی سنہا ، ریچا چڈھا، ادیتی راؤ حیدری اور فردین خان سمیت دیگر فنکاروں نے اداکاری کے جلوے دکھائے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں