پاکستان تائی کوانڈو فیڈریشن کے تحت آن لائن مقابلوں کا آغاز


کورونا وائرس کی وجہ سے ایک جانب دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں وہیں پاکستان تائی کوانڈو فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے درمیان آن لائن مقابلوں کا آغاز کردیا جس میں ملک بھر سے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

پاکستان تائی کوانڈو فیڈریشن کے مطابق تائی کوانڈو پومسہ کے آن لائن مقابلوں میں ملک بھر سے کھلاڑی ویڈیوز کے ذریعے حصہ لے سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ پومسہ تائی کوانڈو کی ایک ایسی قسم ہے جس میں کھلاڑی کو حریف کی ضرورت نہیں ہوتی، اس میں پلیئرز انفرادی طور پر اپنے اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔

پاکستان تائی کوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مرتضٰی حسن بنگش کے مطابق آن لائن مقابلوں میں پلیئرز اپنی ویڈیوز ریکارڈ کرکے بھیجتے ہیں یہ ویڈیو پلیئرز اپنے گھر، اپنی چھت یا پھر اگر کلب کی سہولت موجود ہے تو وہاں جاکر ریکارڈ کرسکتے ہیں ۔

اس کے بعد ججز کا پینل مختلف گروپس میں ان ویڈیوز کا تجزیہ کرکے پلیئرز کو پوائنٹس دیتا ہے اور مجموعی پوائنٹس کی بنیاد پر پلیئر کو میڈلز ایوارڈ ہوتے ہیں۔

مرتضیٰ بنگش کا کہنا تھا کہ اس چیمپئن شپ کا مقصد لاک ڈاؤن کے دوران بھی پلیئرز کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھنا اور ساتھ ساتھ پاکستان میں کھیلوں میں جدت کو متعارف کرانا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں