انٹرنیٹ مانیٹر سروس نیٹ بلاکس نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان بھر میں صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش کی شکایات کر رہے ہیں۔
مانیٹر نے کہا کہ براہ راست میٹرکس کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ایکس(سابقہ ٹوئٹر)، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کی سروسز میں بندش کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
نیٹ بلاکس نے مشاہدہ کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی یہ بندش پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ورچوئل ریلی سے کچھ دیر قبل شروع ہوئی جہاں اس تقریب کا آغاز رات 9 بجے ہونا تھا۔
کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے صارفین کے مطابق رات 8 بجے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کچھ صارفین نے انٹرنیٹ سروسز سست ہونے کی بھی شکایت کی۔
معروف سماجی رہنما اور وکیل جبران ناصر نے کہا کہ انہوں نے صرف پی ٹی آئی کی ریلی کی مخالفت کے لیے انٹرنیٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جس کے نتیجے میں لاکھوں سبسکرائبرز اور ہزاروں کاروباروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سماجی رہنما عثمان خلجی نے بھی معلومات تک رسائی کے پاکستان کے عوام کے بنیادی حق کو سلب کرنے کی اس کوشش کی مذمت کی۔