پرتھ: وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر، ایرون فنچ اور اسٹیواسمتھ کسی ٹیم کیلیے بھی تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں،تینوں کو جلد آؤٹکرکے ہی بڑے ٹوٹل کا راستہ روکا جاسکتا ہے، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بولرز کو آگے گیند کرنا ہوگی۔
پرتھ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بارش کی وجہ سے پاکستان کی بیٹنگ بھی متاثر ہوئی، اگر موسم کی مداخلت نہ ہوتی تو ہم 160کا مجموعہ حاصل کرسکتے تھے جس کا حصول کینگروز کیلیے مشکل ہوتا، دوسرے مقابلے میں گرین شرٹس نے 15سے 20رنز کم بنائے،بعد ازاں ہم میزبان ٹیم کی ابتدائی وکٹیں جلد نہیں حاصل کرسکے، اسٹیو اسمتھ نے فتح چھین لی،ان کیساتھ، ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ بھی کسی ٹیم کیلیے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں، ٹاپ تھری پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے تو مڈل اور ٹیل اینڈرز کو بھی روک کر آسٹریلیا کو کم ٹوٹل تک محدود کرسکتے ہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ پرتھ کی پچز پیس اور باؤنس کیلیے مشہور ہیں، ہم ان کا فائدہ اٹھانے کیلیے تیار ہیں،آسٹریلوی پل اور ہک شاٹ اچھی کھیلتے ہیں، بولرز کو آگے گیندیں کرنا ہوں گی، درست لائن اور لینتھ رکھی تو کامیابی حاصل ہوگی، پوری کوشش کریں گے کہ پرتھ میں فتح کیساتھ سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوں۔
ایک سوال پر پیسر نے کہا کہ پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی نوجوان مگر باصلاحیت پیسرز شامل ہیں، تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے کھلاڑیوں کو 2 پریکٹس میچز بھی میسر آرہے ہیں، مہمان ٹیم کیلیے طویل فارمیٹ کے مقابلوں میں کامیابی کے مواقع موجود ہیں۔