پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ ملتوی


پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز نے دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے باقی میچز کو ملتوی کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین سیریز میں شامل ایک روزہ میچ اور دوسرا ٹیسٹ میچ ملتوی کردیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے بورڈز اب مستقبل میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ چیمپیئن شپ میں شامل سیریز کو مکمل کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم کو 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا جبکہ دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو کھیلا جانا تھا۔

علاوہ ازیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کھیلا جانا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی بتایا کہ 25 مارچ سے پاکستانی ٹیم کے لیے شروع ہونے والا ایک روزہ کپ غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 2 ٹیسٹ میچز اور ایک روزہ میچ کی سیریز طے تھی لیکن مہمان ٹیم نے اپنے دورے کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا کیونکہ وہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں زیادہ دیر قیام نہیں کرنا چاہتے تھے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم جنوری میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچی تھی جہاں اسے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم فروری کے مہینے میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی، یہ مہمان ٹیم کا 17 سال بعد پاک سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں