مانچسٹر:
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ سے پہلے کورونا کے متاثرین کو خراج تحسین پیش کیا۔پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں پہلے ٹیسٹ کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ یہ عمل کورونا کی وباء سے متاثرہ افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اختیار کیا گیا۔
پاکستان میں اب تک دو لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کی وباء سے متاثر اور چھ ہزار سے زائدجاں بحق ہوچکے ہیں۔برطانیہ میں کورونا کا شکار کُل تین لاکھ پانچ ہزار افراد میں سےاب تک چھیالیس ہزار افراد اپنی جانیں گنواچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک کورونا کے 1کروڑ 80 لاکھ متاثرین میں سے کُل چھ لاکھ اکانوے ہزارسے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
مارچ میں کرکٹ کی تمام سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈکے ساتھ مل کر بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیےیہ قدم اٹھایا ہے، جو کھیل کی عالمی سطح پر پذیرائی اور فروغ کا سبب بنے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم 28 مئی سے برطانیہ میں موجود ہے جہاں ای سی بی نے ان کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تیاری کی غرض سے ٹریننگ اور پریکٹس کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کیں۔