اسلام آباد میں جاری پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پاکستان کے مراد علی نے پری کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ کینیڈا کے کھلاڑی کو ہراکر اپ سیٹ کردیا تاہم کوارٹر فائنل میں پاکستانی کھلاڑی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، خواتین ایونٹ میں ماحور اور پلوشہ بشیر نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کے مراد علی نے کینیڈا کے بی آر سنکیتھ کو 16-21 اور 21-23 کے اسکور سے ہراکر اپ سیٹ کردیا لیکن کوارٹر فائنل میں وہ اپنی کارکردگی کا سلسلہ جاری نہ رکھ سکے۔
کوارٹر فائنل میں مراد کو تھائی لینڈ کے سیڈ نمبر چھ سامران جامسری نے 9-21 اور 15-21 سے شکست دی۔
ایک اور اپ سیٹ میں پاکستان کے اویس زاہد نے سیڈ نمبر تین جمہوریہ چیک کے ملان لودک کو 19-21 اور 19-23 سے ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
امریکا کے ہاورڈ شو اور ماریشس کے جارجس جولیئن پال بھی مینز ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
خواتین ایونٹ میں پاکستان کی ٹاپ پلیئرز ماحور شہزاد اور پلوشہ بشیر نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
سیکنڈ سیڈ پاکستان کی ماحور شہزاد نے ہم وطن سہرا اکرم کو کوارٹر فائنل میں 12-21 اور 12-21 سے ہرایا جبکہ پلوشہ بشیر نے تھرڈ سیڈ مالدیپ کی امیناتھ نبیحہ عبدالرزاق کو شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی۔
مالدیپ کی نیلہ نجیب اور ایران کی ثریا آغا علی نے بھی پاکستان بیڈمنٹن سیریز کے ویمز ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
خواتین ڈبلز ایونٹ میں سہرا اکرم اور ہما جاوید نے فائنل فور میں جگہ پکی کرلی۔