پاکستان کے مقبول ترین موسیقار و گلوکار ذوالفقار جبار خان عرف زلفی کو امریکا کی معروف ’وینگارڈ آڈیو لیب‘ کی فیملی میں شامل کر لیا گیا ہے جو پاکستان کیلیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
گلوکار زلفی اس اعزاز کو حاصل والے پہلے پاکستانی ہیں جنھیں امریکا کی ’وینگارڈ آڈیو لیب‘ فیملی میں شامل کیا گیا ہے۔
اپنی حالیہ کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے گلوکار نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی۔
زلفی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں اس بات کا اعلان کرنے کے لیے بے حد خوش ہوں کہ مجھے امریکا کی وینگارڈ آڈیو لیب کی فیملی میں شامل کیا گیا ہے جو مغرب میں جدید ترین مائیکروفون بنانے والی لیب ہے، وینگارڈ کی ڈیزائن ٹیم کا مشترکہ تجربہ 65 سال سے زیادہ ہے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ان کے کامیاب مائیکرو فونز اور اسپیکرز دنیا بھر کے اسٹوڈیوز میں پائے جاتے ہیں جنھیں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے استعمال کیا ہے جن میں انجینئرز اور ٹیلر سوئفٹ جیسی پروڈیوسر سمیت ہربی ہین کوک، روبرٹ پلانٹ اور ان جیسے دیگر فنکار شامل ہیں‘۔
گلوکار نے لکھا کہ ’اس فیملی کا حصہ بننا ایک اعزاز کی بات ہے جس میں نہ صرف گریمی جیتنے والے میوزک پروڈیوسر بلکہ پوری دنیا کےانجینئرز اور پروڈیوسر بھی شامل ہیں، فخر ہے کہ میں اس گلوبل فیملی کا حصہ بننے والا پہلا پاکستانی ہوں‘۔
اسی ضمن میں امریکا کی ’وینگارڈ آڈیو لیب‘ کی جانب سے بھی پاکستانی گلوکار زلفی کی ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں انہوں نے ایک طویل کیپشن کے ذریعے زلفی کو اپنی فیملی میں شامل کرنے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی قابلیت کو بھی سراہا‘۔
واضح رہے کہ گلوکار زلفی نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1994 سے کیا تھا اور اب انہیں پاکستان میوزک انڈسٹری کا بہترین فنکار مانا جاتا ہے۔
انہیں ہندوستان میں ’ائیرٹیل ریڈیو مرچی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا جا چکا ہے، زلفی کا حالیہ پروجیکٹ نیس کیفے بیسمنٹ ہے جس میں وہ ایک پروڈیوسر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہےہیں۔