پاکستانی کرکٹرز اپنے سائے سے بھی ڈرنے لگے


کراچی: 

پاکستانی کرکٹرز اپنے سائے سے بھی ڈرنے لگے جب کہ لاہور میں بیشتر وقت کمروں میں تنہا گزر رہا ہے تاہم سب کو شدت سے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آنے کا انتظار ہے۔

10 مثبت کورونا ٹیسٹ نے دیگر پاکستانی کرکٹرز کو بھی خوفزدہ کر دیا ہے، وہ اب حد سے زیادہ احتیاط کر رہے ہیں،پہلی جانچ میں کلیئر قرار پانے والے کھلاڑیوں کاگذشتہ روز ایک اور ٹیسٹ ہوا،اب وہ بے چینی سے نتائج سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں، پی سی بی ہفتے کو اس حوالے سے اعلان کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ عموماً اسکواڈ جب یکجا ہو تو کھلاڑی رات گئے ایک دوسرے کے کمروں میں جا کر بات چیت کرتے ہیں، لفٹ یا ریسٹورینٹ میں سامنا ہونے پر ایک دوسرے سے ہنسی مذاق کرتے اورگلے لگتے ہیں، مگر اس بار ایسا کچھ نہیں ہے، گذشتہ روز بھی صرف ٹیسٹ، فوٹو شوٹ اور لیکچرز کیلیے پلیئرز کمروں سے باہر نکلے، بورڈ کی جانب سے احتیاطی تدابیر اپنانے کا تو کہا گیا تھا مگر کھلاڑیوں کو اصل خوف  بغیر علامات والے کورونا سے ہے، وہ نہیں چاہتے کہ کسی غلطی کی وجہ سے دورہ انگلینڈ سے محروم ہو جائیں۔

دوسری جانب جمعے کی صبح پلیئرز کا ای سی جی ٹیسٹ ہوگا، شام کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) عثمان انوری قومی کرکٹرز کو دورئہ انگلینڈ میں مشکوک افراد سے دور رہنے کی ہدایت دیں گے، بائیوسیکیور ماحول میں پلیئرز تک ایسے افراد کی رسائی آسان نہیں ہوگی،پھر بھی انھیں فکسنگ سے بچنے کا سبق یاد دلایا جائے گا۔

ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی  سوشل میڈیا کے استعمال میں محتاط رہنے کی تاکید کریں گے، آئی سی سی پہلے ہی خبردار کر چکی کہ بکیز سوشل میڈیا کے ذریعے کھلاڑیوں کو جال میں پھانس سکتے ہیں، سمیع برنی اس حوالے سے گائیڈ لائن سے آگاہ کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں