ممبئی: بھارتی اداکار سمرجیت سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامے، سینما اور آرٹ تعریف کے قابل ہیں، بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کو بھی ان سے سیکھنا چاہیے۔
سمرجیت سنگھ نے اپنی حالیہ ویڈیو میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک پاکستانی ڈرامہ سیریل دیکھا جس کی اسٹوری سادہ، اداکاری حقیقی اور پروڈکشن لاجواب تھی۔
اداکار نے کہا کہ ہمارے یہاں بھارتی ڈراموں میں تو اگر ایک لڑکی سیڑھیوں سے گررہی ہوتی ہے تو وہ ایک ہفتے تک گرتی ہی رہتی ہے جبکہ تیز اور دھماکے دار میوزک کے ساتھ اُس سین میں موجود ہر شخص کا کلوز اپ شاٹ لیا جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارتی پروڈیوسرز کچھ بھی دکھا کر 22 منٹ کے ڈرامے کی فوٹیج پوری کرتے ہیں، نہ ان کے پاس بجٹ ہوتا ہے اور نہ ہی انفرا اسٹرکچر۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ بھارتی ڈرامے وہی 20 سال پرانے طرز پر چل رہے ہیں، صرف یہ تبدیلی آئی ہے کہ اب ڈراموں میں چڑیلیں اور ناگنیں شامل ہوگئی ہیں۔
سمرجیت سنگھ نے کہا کہ اگر پاک بھارت تعلقات کو ایک طرف رکھ کر صرف آرٹ کی نظر سے دیکھا جائے پاکستانی ڈرامے واقعی میں تعریف کے قابل ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ اب ٹی وی اور ڈراموں کا زمانہ نہیں رہا ہے لیکن میرا ماننا یہ ہے کہ اگر آپ اچھا مواد بنائیں گے تو وہ ضرور چلے گا پھر چاہے ڈرامہ ہو، سیریز ہو یا فلم۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ میں نے کئی بار ڈرامہ سریلز کے آڈیشن دیے ہیں، مجھے ہر بار آڈیشن میں بولا جاتا ہے کہ اوور ایکٹنگ کرو کیونکہ یہ ڈرامہ ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے مواد اور کام میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور اگر اس تبدیلی کے لیے ہم پاکستانیوں سے متاثر ہوتے ہیں تو اس میں کچھ غلط نہیں۔