لاہور:
پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ میں تیاریاں جانچنے کا پہلا موقع ہفتے کو ملے گا تاہم گرین شرٹس بیکنھم میں میزبان کینٹ کیخلاف ایک روزہ میچ کیلیے میدان میں اتریں گے۔
انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کو کائونٹیز سے3وارم اپ میچز کھیلنا ہیں، ان میں سے پہلا ہفتے کو بیکنھم میں میزبان کینٹ کیخلاف ہوگا،گرین شرٹس اپنے ممکنہ کمبی نیشن کو میدان میں اتارتے ہوئے کھلاڑیوں کی فارم چیک کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔
گزشتہ روز ٹریننگ کے اختیاری سیشن میں12کرکٹرز نے میدان کا رخ کیا، دیگر 5 محمد عامر، شعیب ملک، عماد وسیم، حارث سہیل اور محمد حسنین نے آرام کو ترجیح دی۔ محمد حفیظ نے بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس جمعرات کو ہی شروع کردی تھی، جمعے کو انھوں نے بیٹ بھی تھام لیا اور نیٹ میں بولرز کا سامنا کرتے نظر آئے۔
فخرزمان، بابر اعظم، عابد علی اورامام الحق اسٹروکس کھیلنے کی مشق کرتے رہے، ٹیل اینڈرز نے بھی بیٹنگ میں مہارت بہتر بنانے پرکام کیا، بولنگ کوچ اظہر محمود نے شاہین شاہ آفریدی کو سلو بال کا گُر سکھایا، انھوں نے بولرز کو لینتھ پر نشان لگاتے ہوئے اس کے مطابق بولنگ کی ہدایت دی،حسن علی کو کمر میں رسہ باندھ کرکھینچتے ہوئے بال پھینکنے کی کسرت کرائی گئی،یاسر شاہ نے اسپن کا جال مضبوط بنانے کیلیے کام کیا۔
تیزی سے نکلتی ہوئی گیندوں پر قابو پانے کیلیے سلیب کا استعمال کیا گیا،فیلڈنگ پریکٹس میں فہیم اشرف، بابر اعظم اور حسن علی کو خاصی دیر تک مصروف رکھا گیا۔